اسلام آباد: حکومت نے گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور کسٹم ڈیوٹی ختم کردی ہے جس کے نتیجے میں گاڑیاں سستی ہوجائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری اور وزیرِ اقتصادی امور خسرو بختیار نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری سنائی۔
وفاقی وزیر خسرو بختیار نے کہا کہ حکومت نے گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور کسٹم ڈیوٹی ختم کردی ہے۔ چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس بھی ختم کردیا گیا جبکہ آٹو انڈسٹری 4 لاکھ 15ہزار گاڑیاں بنا سکتی ہے۔
وزیرِ اقتصادی امور خسرو بختیار نے کہا کہ گزشتہ برس 1لاکھ 64 ہزار گاڑیاں بنائی گئیں۔ اگلے سال کم از کم 3 لاکھ گاڑیاں بنائی جائیں گی۔ گاڑیوں کی قیمتیں کم ہونے سے ان کی طلب بڑھ جاتی ہے۔
آٹو انڈسٹری کے متعلق وفاقی وزیر خسرو بختیار نے کہا کہ آٹو سیکٹر میں 3 لاکھ نئی نوکریاں پیدا ہوں گی۔ رواں برس 26لاکھ موٹر سائیکلز بنیں۔ آئندہ برس 30 لاکھ مزید موٹر سائیکلز بنائی جائیں گی۔
خسرو بختیار نے کہا کہ موٹر سائیکلز بننے سے 75 ہزار نوکریاں پیدا ہوں گی۔ آنے والے وقت میں حکومت گاڑیوں کی لیز کا طریقۂ کار آسان کردے گی جبکہ آٹو انڈسٹری 350 ارب روپے ٹیکس دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب گاڑیاں سستی ہوجائیں گی۔گاڑیوں کی کم کی گئی نئی قیمتوں کا اطلاق آئندہ 2 روز تک ہوجائے گا۔ حکومت آٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی لا رہی ہے۔ جو شخص گاڑی خریدنا چاہتا ہے، گاڑی اسی کے نام پر رجسٹر ہوگی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی حکومت نے مہنگائی کے ستائے ہوئے شہریوں کو استعمال شدہ گاڑیاں سستی کرنے سے متعلق خوشخبری سنا دی۔
گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی کہ استعمال شدہ گاڑیاں کم قیمت میں دستیاب ہوسکیں گی۔ ایف بی آر کا کہنا تھا کہ حکومت نے استعمال شدہ گاڑیوں پر لگایا جانے والا ودہولڈنگ ٹیکس ختم کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: مہنگائی سے پریشان شہریوں کیلئے خوشخبری، استعمال شدہ گاڑیاں سستی ہوگئیں