کراچی: سونے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کا غیر یقینی سلسلہ گزشتہ کچھ روز سے مسلسل جاری ہے۔ سونے کی قیمت عالمی اور مقامی مارکیٹ میں مزید کم ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 5 ڈالر تک کم ہوگئی جس سے سونے کی نئی قیمت 2 ہزار 312 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں سونے کی قیمت عدم استحکام کا شکار ہے۔
پاکستان میں آج 24 قیراط کے سونے کی فی تولہ قیمت میں 800روپے کی کمی ہوئی ہے، نئی قیمت 2 لاکھ 39 ہزار 200 روپے کی سطح پر آگئی۔ فی 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 686 روپے کی کمی ہوئی جس سے 10 گرام سونا 2 لاکھ 5 ہزار 75 روپے کی سطح پر آگیا ہے۔
دوسری جانب سونے کی قیمت کم ہونے کے باوجود چاندی کی فی تولہ قیمت میں کوئی کمی بیشی نہیں ہوئی۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ چاندی کی فی تولہ قیمت 2 ہزار 620 روپے جبکہ فی 10گرام چاندی کی قیمت بھی 2 ہزار 254روپے 80 پیسے کی سطح پر برقرار ہے۔