لاہور : آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ مینار پاکستان واقعے میں ملوث ملزمان کی شناخت کیلئے تصاویر نادرا کو بھجوا دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا ہےکہ ملزمان کے خلاف درج مقدمے میں عمر قید اور سزائےموت کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب انعام غنی نے مینار پاکستان واقعے کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خاتون پر تشدد ،دست درازی کرنیوالے کسی رعائیت کے مستحق نہیں، متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادپر یقینی بنائی جائے گی۔
آئی جی پنجاب نے چیئرمین نادرا طارق ملک کو فون کرکے ملزمان کی شناخت شروع کرنے کی درخواست کی ہے اور ملزمان کی شناخت کیلئے تصاویر بھی بھجوا دی گئی ہیں۔
انعام غنی کا کہنا تھا کہ ملزمان کو ثبوت،شواہد اکٹھےکر کے گرفتار کیا جائے گا تا کہ قرار واقعی سزا ملے، ملزمان پر جو دفعات لگائی گئیں جس کی سزا عمر قید یا سزائے موت ہے ، تمام ملزمان کو سخت سے سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔
آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو براہ راست نگرانی کا حکم دے دیا ہے۔
غلام محمود ڈوگر کا کہنا تھا کہ شہری ملزمان کی گرفتاری میں پولیس کی مدد کریں، لڑکی سے بدتمیزی کرنیوالوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
دوسری جانب چیئرمین نادرا طارق ملک کا کہنا ہے کہ نادرا کا عملہ چھٹی کے باوجود ملزمان کی شناخت کے عمل میں مصروف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کابل پر طالبان کا قبضہ، حدید سسٹر کی تباہ حال افغانستان کے حق میں دعا