لاہور: پنجاب پولیس کے سابق سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے عمران خان حملہ کیس کی فائل جے آئی ٹی کے حوالے کرنے سے انکار کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جے آئی ٹی نے متعدد مرتبہ چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان پر حملے کی تفتیش کیلئے سابق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر سے رابطہ کیا تاہم فائل نہیں دی گئی۔
ایم کیو ایم اراکینِ قومی اسمبلی کے استعفے جمع
سابق سی سی پی او لاہور نے کہا ہے کہ سابق وزیرِ صحت یاسمین راشد نے عدالت میں رِٹ داخل کر رکھی ہے، ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ہی فائل جے آئی ٹی کے حوالے کی جاسکتی ہے۔ جے آئی ٹی تفتیش کا آغاز نہیں کرسکی۔
عمران خان حملہ کیس کی تفتیش کیلئے موجودہ جے آئی ٹی میں ڈی آئی جی کامران عادل، احسان اللہ چوہان اور ایس پی نصیب اللہ شامل ہیں۔ غلام محمود ڈوگر بطور سی سی پی او 3روز قبل ہی ریٹائر ہوچکے ہیں۔
کیس فائل تاحال جے آئی ٹی کے حوالے نہیں کی گئی جبکہ قانوناً کوئی سرکاری ملازم ریٹائرمنٹ کے بعد سرکاری فائل یا اہم دستاویز اپنے پاس رکھنے کا مجاز نہیں۔ انکار کی صورت میں قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
خیال رہے کہ غلام محمود ڈوگر کو جولائی 2022ء میں سی سی پی او لاہور مقرر کیا گیا تھا۔ اس سے قبل غلام محمود ڈوگر اقوامِ متحدہ کے امن مشن کیلئے بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔