اسلام آباد:پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز میں اصلاحات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں کے اربوں روپے کے نقصان کا بوجھ بالآخر عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ اس لئے اصلاحاتی عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ اہم قومی اداروں کو نقصان سے نکالنا اور ان کو فعال اور مستحکم کرنا تحریک انصاف حکومت کے ایجنڈے کا اہم نکتہ ہے۔ پی آئی اے جیسے قومی اداروں کو فعال اور منافع بخش بنانے کے لئے انتظامی اصلاحات کو تیز کرنے اور تمام دستیاب وسائل کو شفاف انداز میں موثر طور پر بروئے کار لانے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان نے اس سلسلے میں ایک تفصیلی اور جامع حکمت عملی کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر پیش رفت کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کی موجودہ انتظامیہ کی مدت کے دوران قومی ایئرلائن کے نقصانات کو نمایاں طور پرکم کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ نقصانات کو کم کرنے کے باعث پی آئی اے آپریشنل سطح پر بغیر کسی نقصان کے پروازیں چلانے کے قابل ہوئی ہے لیکن کورونا وائرس کی صورتحال نے ان کوششوں میں رکاوٹ پیدا کی ہے۔