اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بل گیٹس سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس اور پولیو کے خاتمے کی مہم کے دوبارہ آغاز پر تبادلہ خیال کیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کورونا وبائی بیماری کے خلاف پاکستان میں کامیابی حقیقی قومی ردعمل کی وجہ سے حاصل ہوئی ہے ۔
بل گیٹس نے وسائل کی کمی کے باوجود کورونا وائرس وبائی مرض پر قابو پانے کے لئے حکومتی کوششوں اور پاکستان کی کامیابی کی تعریف کی ۔ انہوں نے پولیو مہم کے محفوظ آغاز کے لئے درکار کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے اور ہر بچے کی صحت میں بہتری لانے کے اپنے مقاصد میں پاکستان کی حمایت کرنے کی اپنی فاؤنڈیشن کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس سے قبل بل گیٹس نے امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال کی تعریف کی اور کہا تھاکہ یورپ کی طرح پاکستان نے بھی کیسوں کی تعداد کو کم کرنے کے لئے سخت محنت کی۔
بل گیٹس نے پاکستان کی پالیسیوں کی تائید کی اور کہا کہ اس کے برعکس ہندوستان نے درست حکمت عملی نہیں اپنائی۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا کے 747 نئے کیسز رپورٹ، 9 متاثرین دم توڑ گئے