بگ باس ونر اور راکٹ سنگھ نامی فلم سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والی بھارتی اداکارہ گوہر خان نے شادی کیلئے خوبصورت لباس تیار کرنے پر پاکستانی ڈیزائنر کا شکریہ ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق درجن بھر سے زائد بھارتی فلموں میں مرکزی کردار اور سائیڈ رولز کرنے والی بھارتی اداکارہ گوہر خان نے حال ہی میں اپنی شادی کی تقریب میں صرف قریبی افراد کو شرکت کی دعوت دی جبکہ بعض بالی ووڈ ستارے بھی تقریب کا حصہ بنے اور گوہر خان کو سوشل میڈیا اسٹار زید دربار سے شادی کی مبارکباد پیش کی۔
اداکارہ گوہر خان اور زید دربار نے 2 روز قبل شادی کی جس پر گوہر خان اور زید دربار کے مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا اور دونوں اسٹارز کو تہنیتی پیغامات ارسال کیے۔ اس موقعے پر اداکارہ گوہر خان نے پاکستانی ڈیزائنر سائرہ شاکرہ کا شکریہ ادا کیا کیونکہ شادی کے دوران انہوں نے پاکستانی ڈیزائنر کا بنایا ہوا لباس پہن کر مداحوں سے داد وصول کی۔
سماجی رابطے اور فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں اداکارہ گوہر خان نے کہا کہ میں سائرہ شاکرہ کی عروسی لباس تیار کرنے کیلئے ممنون ہوں جبکہ ان کا تیار کردہ لباس میرے خوابوں سے قریب تر ثابت ہوا۔ سوشل میڈیا پر دونوں اسٹارز نے شادی کی ڈھیروں تصاویر شیئر کیں جن پر مداحوں نے درجنوں تبصرے کیے۔ اداکارہ گوہر خان کے انسٹا گرام پر 38 لاکھ فالوورز موجود ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس 7 کی فاتح اداکارہ و ماڈل گوہر خان اور معروف ٹک ٹاکر زید دربار رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
دونوں کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز کے انٹرنیٹ پر خوب چرچے ہوئے، بھارتی میڈیا کے مطابق جوڑے نے 2 روز قبل ممبئی میں رشتہ داروں اور قریبی دوستوں کی موجودگی میں نکاح کیا۔
مزید پڑھیں: گوہر خان اور زید دربار رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے، تصاویر وائرل