کراچی:سوئی سدرن گیس کمپنی نے رمضان میں گیس لوڈشیڈنگ کے اوقات جاری کردیئے، سحری اور افطار کے اوقات میں گیس کی فراہمی یقینی بنانے کا اعلان کردیا۔
ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی نے کہا کہ کمپنی ماہِ رمضان میں اپنے صارفین کیلئے سحری اور افطاری کے تیاری کے اوقات میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنائے گا
ترجمان کا کہنا ہے کہ ہر سال گیس کے ملکی ذخائر میں ہونے والی آٹھ سے دس فیصد تک کمی کی وجہ سے سوئی سدرن گیس کے سسٹم میں گیس کی طلب اور رسد میں بھی واضح کمی موجود ہے ، اس لئے گیس کے بہتر پریشر کو یقینی بنانے کے لئے گیس پریشر کی پروفائلنگ کو جاری رکھا جائے گا جس کے اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک ہونگے، جبکہ رات کے اوقات میں یہ پروفائلنگ رات 10 بجے سے 3 بجے تک کی جائے گی۔
واضح رہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے ان اوقاتِ کار کا تعین ماہِ رمضان میں سحری اور افطار کے لیے کھانا پکانے کی تیاری کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ شہر قائد میں اس وقت گیس کا شدید بحران جاری ہے، کراچی کے شہری گیس نہ ملنے کی وجہ سے مہنگی ایل پی جی استعمال کرنے پر مجبور ہیں جبکہ غریب باسی روشنیوں کے شہر میں آج بھی لکڑیاں جلاکر گزر بسر کررہے ہیں۔