کراچی :لیاقت آباد نمبر 5 میں سندھی ہوٹل کے قریب منگل کی رات دیر گئے چار منزلہ خستہ حال عمارت منہدم ہوگئی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے کیونکہ ایک دن پہلے ہی گرنے والی عمارت کی حالت خراب ہونے کی وجہ سے اسے خالی کرا لیا گیا تھا۔ عمارت میں رہائش پذیر پانچ خاندانوں کو کسی اور جگہ منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد ریسکیو ٹیمیں اور رینجرز اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے۔ ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ عمارت گرنے کے نتیجے میں دو دیگر رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ کراچی میں ناقص میٹریل کے استعمال کی وجہ سے مخدوش عمارتوں کے گرنے کا سلسلہ جاری ہے ، گزشتہ سال لیاقت آباد میں 4عمارتیں گری تھیں جس میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
امسال چند ہفتوں قبل گولیمار اور لیاری میں بھی دومخدوش عمارتیں گرنے سے درجنوں ہلاک ہوئے اور متعدد زخمی ہونے کے باوجود متعلقہ اداروں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاسکی۔
مزید پڑھیں:لیاری میں منہدم ہونیوالی عمارت کااسکول کے پلاٹ پر غیر قانونی تعمیر کا انکشاف