کراچی :انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیوایم کے سابق رہنما انیس ایڈووکیٹ کی 4 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی ہے۔
ہفتے کے روز انسداد دہشت کردی عدالت نے ایم کیوایم کارکنوں کو ٹریننگ کیلئے بھارت بھیجنے کے کیس کی سماعت کی۔ ایم کیو ایم کے سابق رہنما انیس ایڈووکیٹ نے ضمانت کے لئے عدالت سے رجوع کیا۔ انیس ایڈووکیٹ کی 29 جون تک عبوری ضمانت منظور کرلی گئی اور 1 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔
پولیس نے عدالت کو بتایا کہ انیس ایڈووکیٹ کی کچھ مشکوک بینک ٹرانزیکشن بھی سامنے آئی ہیں۔ اس سے قبل گزشتہ دنوں کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر شاہد نے بتایا تھا کہ کچھ ہفتے قبل ایم کیوایم لندن کے کارندوں کو پکڑا تھا اور سی ٹی ڈی میرپورخاص نے کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ برآمد کیا۔
عمر شاہد نے بتایا تھا کہ گرفتار ہونے والوں کو میرپورخاص اورعمر کوٹ میں جاسوسی کے لیے معلومات اکھٹا کرنے کا ہدف دیا گیا تھا۔ ایم کیوایم لندن گروپ سے تعلق رکھنے والے بھی ملزمان گرفتارہوئے ہیں اوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ بھارت سے ٹریننگ حاصل کی ہے۔
انھوں نے بتایا تھا کہ ایم کیوایم کے رہنما واسع جلیل اور سابق رہنما انیس ایڈووکیٹ نے لڑکوں کی بھارت میں ٹریننگ کروائی۔ گرفتار ملزم نعیم کے مطابق اس کو ایران میں لڑکے جمع کرکے ٹریننگ کی ہدایت کی گئی تھی۔ انیس ایڈووکیٹ کو تحقیقات کیلئے بھی بلایا گیا تھا اورانیس ایڈووکیٹ اب ملک نہیں چھوڑسکتے ہیں اوران کا شناختی کارڈ بھی بلاک کروادیا ہے۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ گرفتار ہونے والے لڑکے شہر میں سلیپرسیل کے طور پر کام کررہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : پی پی کہتی ہے جمہوریت بہترین انتقام ہے مگر یہ انتقام عوام سے لیا جارہاہے، پی ٹی آئی