قومی احتساب بیورونے سابق ڈی جی پارکس لیاقت علی قائم خانی کےگھر پرچھاپہ مارکرکروڑوں روپےمالیت کاسازوسامان ،قیمتی گاڑیاں ،اسلحہ اورجائیدادوں کی دستاویزات حاصل کرلیں۔
جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار میئر کراچی کے مشیر لیاقت قائم خانی کے گھر پر قومی احتساب بیورو (نیب) نے چھاپہ مارا تو گھر سے 8 قیمتی چمچماتی امپورٹڈ لگژری گاڑیاں، قیمتی زیورات ، بانڈز، جدید اسلحہ اور جائیدادوں کی دستاویزات بر آمد کرلی گئیں۔
لیاقت قائم خانی کے گھر سے 4 بائی 6فٹ کے 2 لاکر ز بھی پکڑے گئے ہیں جنہیں ابھی تک کھولا نہیں جاسکا ہے ۔ سابق ڈی جی پارکس کے ذاتی سامان میں سے سونے کے بٹن اور کف لنکس بھی برآمد ہوئے ہیں۔
ملزم کے گھر سے کراچی میٹرولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی اصل دستاویزات بھی تحویل میں لے لی گئیں، اس کے علاوہ کراچی اورلاہورکےبنگلوزکی دستاویزات بھی سامنے آئی ہیں۔
سابق ڈی جی پارکس کی رہائش گاہ سے ملنے والی گاڑیوں میں مرسڈیز بینز،لینڈ کروزر، ہائی لکس ،فارچونر اور رینج روور بھی شامل ہیں۔
نیب نے الزام عائد کیا ہے کہ لیاقت علی نے تمام اثاثے کرپشن سے بنائے، کرپشن سے بنائی گئی تمام اثاثوں کی تفصیلات قبضے میں لے لی گئیں۔ نیب راولپنڈی کی ٹیم نے تفتیشی اصغر خان کی سربراہی میں کارروائی کی۔
لیاقت قائم خانی کوگزشتہ روز باغ ابن قاسم کیس میں گرفتار کیا گیا تھا ، ان پر بطور ڈی جی پارکس جعلی ٹھیکے دینے کا الزام ہے۔