اسلام آباد پولیس نے بین الاقوامی سطح پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک مثال قائم کرتے ہوئے ایک غیر ملکی خاتون کے ساتھ زیادتی اور ڈکیتی جیسے ہولناک جرم میں ملوث سفاک ملزم کو صرف 51 گھنٹوں میں گرفتار کر لیا ہے۔
یہ کارروائی نہ صرف پولیس کی برق رفتار تفتیشی صلاحیتوں کا ثبوت ہے بلکہ شہریوں اور غیر ملکیوں کے تحفظ کے لیے اس کے عزم کو بھی واضح کرتی ہے۔
چند روز قبل اسلام آباد میں ایک غیر ملکی خاتون کے ساتھ نہایت افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک درندہ صفت ملزم نے جنسی زیادتی کے بعد اس کا قیمتی سامان بھی لوٹ لیا۔ یہ واقعہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر شدید تشویش کا باعث بنا، اور عوامی حلقوں میں پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے جانے لگے۔
اسلام آباد پولیس کی ایک اور بڑی کامیابی۔
غیرملکی خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی اور رابری کرنے والا سفاک ملزم 51 گھنٹوں میں گرفتار۔
ملزم سے چھینا ہوا سامان بھی برآمد۔ غیرملکی خاتون نے ملزم کی شناخت کرلی۔غیرملکی خاتون اسلام آباد پولیس کی مشکور۔
اسلام آباد پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے… pic.twitter.com/s6VFDp1r1Y
— Islamabad Police (@ICT_Police) May 9, 2025
واقعے کی اطلاع ملتے ہی انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی فوٹیجز، جیو فینسنگ اور خفیہ معلومات کے ذریعے ملزم تک پہنچنے کا عمل شروع کیا۔ صرف 51 گھنٹوں کے اندر پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے نہ صرف مقدمہ کی اہم پیش رفت کی بلکہ لوٹا گیا سامان بھی برآمد کر لیا۔
گرفتاری کے بعد متاثرہ غیر ملکی خاتون کو پولیس اسٹیشن بلایا گیا جہاں اس نے ملزم کی شناخت کی اور پولیس کی بروقت کارروائی پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔
خاتون نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے جس تیزرفتاری اور سنجیدگی سے کارروائی کی، وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے خود کو محفوظ اور بااعتماد محسوس کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کے بارے میں اپنا مثبت تاثر دنیا تک پہنچائیں گی۔
اس کامیاب آپریشن پر آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے پولیس ٹیم کو بھرپور شاباش دی اور کہا کہ “اسلام آباد پولیس نہ صرف جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی رکھتی ہے بلکہ ہر شہری کی عزت، جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔”