ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے۔ دوتہائی اکثریت نہ ہونے کی بدولت فوری طور پر صوبے کا قیام ممکن نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے جنوبی پنجاب میں بہاولپور اور ملتان میں سیکرٹریٹ کا قیام عمل میں لا کر جنوبی پنجاب صوبے کی سیڑھی رکھ دی ہے، جو مستقبل میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی بنیاد ثابت ہوگا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لئے مخلص نہیں، اگر دونوں جماعتیں چاہتیں تو اپنے دور اقتدار میں صوبہ بنا سکتی تھیں۔ مگر انہوں نے صوبہ تو درکنار سیکرٹریٹ بھی قائم نہ کر سکے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کا صحیح طرح ادراک ہے جنوبی پنجاب کے عوام نے تحریک انصاف کو بھرپور مینڈیٹ دیا ہے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ رول بیک نہیں ہوگااور مکمل اختیارات کے ساتھ بہت جلد فعال ہوگا۔
تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : درہ آدم خیل: اجتماعی قبر سے 16 مقتولین کی لاشیں برآمد، شناخت کا عمل جاری