کراچی: ملکی و غیر ملکی ائیرلائنز بیرون ممالک سے کم مسافر لانے کی شرط میں مزید توسیع کردی گئی ہے،جس کے باعث پاکستانیوں کی بڑی تعداد کو امریکا سے وطن واپسی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی پروازوں میں کم مسافر لانے کی شرط میں 15جولائی تک توسیع کردی گئی جس کی وجہ سے دو غیر ملکی ائیر لائنز نے امریکا سے پاکستان کیلئے پروازیں اچانک منسوخ کر دیں۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایاکہ ٹرکش اور قطر ائیر لائنز نے امریکا سے پاکستان کیلئے پروازیں منسوخ کی ہیں، مذکورہ دونوں ائیر لائنز نے ماہ جولائی کے پہلے ہفتے کیلئے پاکستانی مسافروں کی بکنگ کی تھی۔
ذرائع کے مطابق مسافروں کو کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے بچانے کیلئے بیرون ممالک کی پروازوں میں مسافروں کی تعداد پر شرط عائد کیے جانے کے باعث پاکستانیوں کی بڑی تعداد کو امریکا سے وطن واپسی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
غیر ملکی ائیرلائنز نے مسافروں کی تعداد کی شرط میں نرمی کی توقع کر رکھی تھی، پاکستان نے کم مسافروں کی شرط میں نرمی نہیں کی تو بکنگ منسوخ کردی گئی۔
مزید پڑھیں: افغانیوں کو کوئی تابع نہیں کرسکتا، چین سے تعلقات کم نہیں کرینگے، عمران خان