کے پی کے میں فورسز کی کارروائی، چار دہشت گرد ہلاک

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس کی بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے چار دہشت گرد ہلاک کیے ہیں۔

اتوار کو کے پی پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سنگو سربند ضلع خیبر بارڈر پر دہشت گردوں نے جوانوں کو دیکھتے ہی بھاگنے کی کوشش کی اور بھاگتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کی۔‘

بیان کے مطابق ’دہشت گردوں اور آپریشن ٹیم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کافی دیر چلتا رہا۔ فائرنگ رکنے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔‘

 ’فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے چار کلاشنکوف اور تین ہینڈ گرنیڈز برآمد ہوئے۔‘

تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پشاور ریجن اور سکیورٹی اداروں کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ دہشت گردوں کا ایک گروہ علاقہ سنگع سربد کی حدود میں دہشت گردی کی ایک بڑی کارروائی کے لیے موجود ہے۔

اطلاع کو مصدقہ جان کر آپریشن ٹیموں نے تیاری کر کے مذکورہ دہشت گردوں کی گرفتاری کی خاطر مذکورہ بالا مقام کی طرف روانہ ہوئیں۔ سکیورٹی فورسز کے علاقے میں پہنچتے ہی دہشت گردوں نے بھاگ نکلنے کے لیے فائرنگ شروع کر دی۔

آپریشن ٹیم اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک چلتا رہا۔ فائرنگ تھم جانے کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کے دوران چار دہشت گرد ہلاک پائے گئے۔

ہلاک دہشت گردوں کی پہچان زرملوک عرف عثان، محمد سعید عرف پروفیسر، شاہد حسین عرف اختر حسین سکنان باڑہ ضلع خیبر اور عبدالقیوم عرف عبدالبر سکنہ بڈھ پیر پشاور کے نام سے ہوئی۔

پولیس کی بھاری نفری فرار ہونے والے مزید دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن کر رہی ہے۔

کے پی پولیس کے مطابق ’ہلاک شدہ دہشت گرد متعدد مقدمات میں سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے۔

Related Posts