اسلام آباد:شہر اقتدار میں یوم آزادی کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اسلام آباد کی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے،اسلام آباد کے داخلہ خارجی راستوں پر وفاقی پولیس اور رینجرز کے دستے تعینات کردیئے گئے ہیں۔
کمانڈوز اور ایلیٹ فورس کے علاوہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں،آئی جی پولیس اسلام آباد کی طرف سے جاری مراسلے میں شہریوں کے لیے ہدایات جاری کردی گئی ہیں، شہریوں کو کہا گیا ہے کہ اپنا شناختی کارڈ گاڑی کے کاغذات دوران سفر اپنے ساتھ رکھیں۔
کسی بھی مشکوک شخص کو دیکھیں تو فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن پر اطلاع دیں،عام شہریوں کا ریڈ زون میں داخلہ بند کر دیا گیا ہے،ریڈ زون میں تعینات ملازمین کو خصوصی پاسز جاری کر دیے گئے ہیں۔
پاسز کے علاوہ کوئی بھی شخص خاص طور پر ریڈ زون میں داخل نہیں ہوسکے گا، اسلام آباد انتظامیہ نے چودہ اگست کے حوالے سے ایس او پیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم آزادی والے دن ون ویلنگ ممنوع قرار دے دی گئی ہے۔
ہارن بجانے سمیت اجتماع کرنا منع کر دیاگیا ہے،14 اگست کو شہری باہر آئیں لیکن ماسک کا استعمال کریں سینیٹائزر کا استعمال کریں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ احتیاطی تدبیر سے بیمار ہونے سے بچ سکیں۔
خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔ قانون کے مطابق سزا دی جائے گی اور شہری مری جانے سے پرہیز کریں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں