اسلام آباد: وزیر خارجہ نے اعتراف کیا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا چیلنج اپوزیشن نہیں، مہنگائی ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن سو جتن کرلے، حکومت کو کوئی گھبراہٹ نہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارا چیلنج حزبِ اختلاف کی سیاسی جماعتیں نہیں بلکہ مہنگائی ہے۔ سال 2018 میں حکومت سنبھالنے کے وقت معیشت بری حالت میں تھی، اب اقتصادی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔
وزیراعظم کی جی ڈی پی کی شرح نمو 5اعشاریہ 37 فیصد ہونے پر حکومت کو مبارکباد
خطاب کے دوران وزیر خارجہ نے کہا کہ معیشت میں بہتری کے اثرات ظاہر ہورہے ہیں۔ بلوم برگ اور اکانومسٹ جیسے ادارے ملکی معیشت میں بہتری کا اعتراف کر گئے، کورونا کے باوجود ہماری معیشت نے 5.3 فیصد کی شرح سے ترقی کی، اس پر اپوزیشن خاموش رہتی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ میں خوب جانتا ہوں کہ اپوزیشن کی صفوں میں کھلبلی کیوں مچی ہے؟ خارجہ پالیسی کی سمت تاریخ میں پہلی بار تبدیل ہوئی۔ تنقید برائے تنقید ملک میں مایوسی کے فروغ کا سبب ہے۔ سابق چیف جج نے ہائیکورٹ کی ساکھ متاثر کرنیکی کوشش کی۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر عدلیہ کی آزادی پر آنچ آئے گی تو جمہوریت محفوظ نہیں ہوسکتی۔ قبل ازیں نجی ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت عدم اعتماد کا سامنا کرنے کو تیار ہے۔ اتحادیوں پر اعتماد رکھتے ہیں۔