وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ برطانوی شاہی جوڑے کا دورۂ پاکستان بہت اچھا اور خوشگوار رہے گا جبکہ اس حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شاہی جوڑے کا دورۂ پاکستان پاک برطانیہ تعلقات کے حوالے سے بہت خوش آئند ہے۔ جوڑے کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد اور خیبر پختونخواہ میں زلزلے کے جھٹکوں کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شہزادہ ولیم کو برطانیہ میں آپ مستقبل کا بادشاہ سمجھ سکتے ہیں، لیکن ان کے دورے کو ایک سرکاری دورہ نہیں کہا جاسکتا، تاہم شہزادی کیٹ اور برطانوی ولی عہد نوجوان نسل کے ترجمان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک برطانیہ تعلقات میں جذبۂ خیر سگالی کو فروغ دینے کے حوالے سے برطانوی شاہی جوڑے کا دورۂ پاکستان اہمیت کا حامل ہے جبکہ پاکستان کی مہمان نوازی کی روایات پوری دنیا میں شہرت رکھتی ہیں۔
یاد رہے کہ آج برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن 5 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں جن کے شاندار استقبال کی بھرپور تیاریاں کر لی گئیں ہیں جبکہ شاہی مہمان صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات بھی کریں گے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ملکہ الزبتھ دوئم کے بڑے پوتے شہزادہ ولیم اور اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن کا شایانِ شان ریڈ کارپٹ استقبال کیا جائے گا جبکہ وزیر اعظم اور صدر مملکت سے ملاقات کے دوران پاک برطانیہ تعلقات اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد پر اسلام آباد میں شاندار استقبال کی بھرپور تیاریاں