دبئی:دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 13 بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کی پروازوں کی دوبارہ آمد ورفت کو شروع کردیا گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ پابندیوں کے مکمل خاتمے یا ان میں نرمی کے بعد سیاحوں کی بھی آمد شروع ہوگئی ہے۔
بحال ہونے والی پروازوں میں پاکستان کی دو فضائی کمپنیاں ایئربلو اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز بھی شامل ہیں۔ان کے علاوہ ایئر فرانس، سیبو پیسیفک، مصرایئر، ایتھوپیا ایئرلائنز، گلف ایئر، کے ایل ایم، لفتھانسا، ماہان ائیر،مڈل ایسٹ ایئرلائنز، فلپائن ایئرلائنز اور اردن کی شاہی فضائی کمپنی شامل ہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق دبئی میڈیا آفس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دوسری فضائی کمپنیاں بھی بہت جلد دبئی سے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کردیں گی۔نیز دبئی کی ملکیتی امارات ائیرلائنز اور فلائی دبئی نے اپنی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے۔
اس حوالے سے کوونا وائرس سے بچنے کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسدارای پر زوردیاجارہا ہے اورہوائی اڈے پر آنے والوں کی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ چہرے پر ماسک اور ہاتھوں پر دستانے پہن کررکھیں، اپنا جسمانی درجہ حرارت چیک کروائیں۔
ایئر پورٹ آنے والے مسافر سماجی فاصلہ اختیار کریں اور اپنی پرواز سے دو گھنٹے قبل ہوائی اڈے پر آئیں تاکہ اسکریننگ کا عمل بروقت مکمل کیا جاسکے۔