جامعہ بنوریہ عالمیہ اور پاکستان میں قائم فلپائنی سفارت خانے کے اشتراک سے جامعہ بنوریہ میں فلپائن کے قومی دن کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں جامعہ بنوریہ عالمیہ کے نائب مہتمم مولانا فرحان نعیم، فلپائن کی پاکستان میں خاتون سفیر ماریا اینجز ایم، کراچی کے اعزازی قونصل جنرل فلپائن ڈاکٹر عمران یوسف اور قونصلیٹ کے دیگر ارکان کے علاوہ فلپائن کی سماجی اور کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔
پرچم کشائی کے بعد مقامی ریسٹورنٹ میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جامعہ بنوریہ عالمیہ کے نائب مہتمم مولانا فرحان نعیم، فلپائن کی سفیر ماریا ایجنز ایم، اعزازی قونصل جنرل عمران یوسف، جامعہ بنوریہ عالمیہ کے شعبہ بیرون کے ڈائریکٹرمولانا فرقان صدیقی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر جامعہ بنوریہ میں زیر تعلیم 100 سے زائد فلپائنی طلبہ بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:
ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے کراچی میدانِ عمل میں اترنے والا ہے۔خالد مقبول
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب مہتمم جامعہ بنوریہ عالمیہ مولانا فرحان نعیم نے کہاکہ فلپائن کی سفیر سمیت تمام مہمانوں کی آمد پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، آج ہم یہاں فلپائن کا قومی دن منانے جمع ہوئے ہیں، آزادی کی قیمت ایک آزاد قوم ہی جانتی ہے، فلپائن کے طلبہ کی تعلیم سے رغبت قابلِ تعریف ہے۔
انہوں نے کہاکہ جامعہ میں مختلف ثقافتوں اور قومیتوں کے طلبہ ساتھ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ان طلبہ کیلئے تعلیم کا بہتر سے بہتر ماحول فراہم کرنا اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کے فلپائن کے سماجی ادارے اور پروفیشنلز ہمارے ساتھ تعلقات بڑھائیں، اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات نہ صرف مستحکم ہوں گے بلکہ اس سے آئیڈیاز کو پنپنے میں مدد ملے گی۔
فلپائن کی سفیر محترمہ اینجز ایم نے جامعہ کے تعلیمی نظام و معیار کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہاکہ فلپائن کے قومی دن کی تقریب کے انعقاد پر ہم جامعہ بنوریہ عالمیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ہمارا بیگ گراؤنڈ کیسا بھی ہو تعلیم ہمیں اکھٹا کرتی ہے، تعلیم اور شعور لازم ملزوم ہیں، تعلیم میں ہی قوموں کی ترقی ہے، تعلیم سب کو اچھے انسان اور پڑوسی بناتی ہے، تعلیم کے ساتھ ہمیں باہمی اختلاف رائے کا احترام بھی سیکھنا چاہے۔
انہوں نے کہا کہ جامعہ بنوریہ عالمیہ کے ہم شکر گزار ہیں کہ ہمارے لیے دروازے کھولے اور ہمارے طلبا کی تعلیم و تربیت کا انتظام کررہے ہیں، انہوں نے کہاکہ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ جامعہ بنوریہ عالمیہ کے کئی ممالک کی جامعات سے تعلیمی معاہدے ہیں، ہم بھی اپنی جامعات کے ساتھ تعلیمی تعاون کی کوشش کریں گے۔
فلپائن کے کراچی میں قونصل جنرل عمران یوسف نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فلپائن اور پاکستان کا درمیان اچھے تعلقات ہیں، فلپائن کے تمام طلبہ یہاں فلپائن کے سفیر ہیں، مرحوم مفتی نعیم کا شکر گزار ہیں، انہوں نے بنوریہ کی شکل میں تعلیم کا معیاری پلیٹ فارم مہیا کیا، تمام طلبا کی بنوریہ میں بھرپور کیئر کی جاتی ہے،جس پر جامعہ کی انتظامیہ شکریے کی مستحق ہے۔
اس موقع پر جامعہ بنوریہ عالمیہ شعبہ بیرون کے ڈائریکٹر مولانا فرقان احمد صدیقی نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ہم ان مہمانان رسول کی خدمت کو اپنی لیے سعادت سمجھتے ہیں، یہاں آنے والے طلبہ کا اپنے بچوں سے بڑھ کر خیال رکھا جاتاہے۔