یو اے ای سے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد:متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی، یواے ای کی جانب سے بھیجی گئی امداد میں خیمے، خوراک، ادویات اور دیگر اشیا شامل ہیں، ترکیہ سے بھی دو جہاز پیر کو کراچی پہنچ جائیں گے۔

پاکستان میں مون سون کی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، جنوبی پنجاب میں سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، کھانے پینے کی اشیاء کی قلت ہوچکی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یو اے ای کی جانب سے امداد ی سامان لے کر مزید 15طیارے آئندہ چند روز میں پاکستان آئیں گے، یہ پہلی پرواز ہے جو امداد لے کر پہنچی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ترکیہ سے امدادی سامان کی کھیپ لے کر دو جہاز پیر کو کراچی پہنچیں گے، امدادی سامان میں خیمے، ادویات اور دیگر اشیاء شامل ہیں،کراچی میں ترکیہ کے قونصل جنرل ہوائی اڈے پر امدادی سامان پاکستانی حکام کے حوالے کریں گے۔

مزید پڑھیں:سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری

انہوں نے اپنے ٹویٹ میں امدادی سامان کی تصویر بھی شیئر کی،اُن کا مزید کہنا تھا کہ ترکیہ سے مزید امدادی سامان آنے کا بھی امکان ہے۔