ولنگٹن: پاکستان شاہینز اور نیوزی لینڈ اے کے مابین پہلا 4 روزہ کرکٹ میچ منسوخ کردیا گیا جس کیلئے خود پاکستان کرکٹ بورڈ نے درخواست کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق پہلا 4 روزہ کرکٹ میچ پی سی بی کی درخواست پر منسوخ ہوا۔ پی سی بی نے مینجڈ آئسولیشن میں کھلاڑیوں کی تاخیر کی وجہ سے میچ کی تاریخوں میں تبدیلی یا منسوخی کی درخواست کی تھی جبکہ قومی کرکٹ اسکواڈ اب کوئنز ٹاؤن میں متعدد انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچز کھیلے گا۔
پاکستان شاہینز سمیت قومی اسکواڈ میں شامل تمام اراکین 8 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن روانہ ہوں گے۔ کوئنز ٹاؤن روانگی کے لیے اسکواڈ میں شامل ہر رکن کو انفرادی طور پر نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کی منظوری درکار ہوگی۔ تمام ارکان اس وقت کرائسٹ چرچ میں اپنی آئسولیشن کی مدت مکمل کررہے ہیں۔
کوئنز ٹاؤن پہنچنے پر قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز کا اسکواڈ علیحدہ علیحدہ ہوٹل میں قیام کرے گا۔ پاکستان شاہینز کا اسکواڈ 14 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن سے وانگرائے روانہ ہوجائے گا۔قومی اسکواڈ 15 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن سے آکلینڈ روانہ ہوگا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹی ٹونٹی میچ 18 دسمبر کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان شاہینز اور نیوزی لینڈ اے کے مابین واحد چار روزہ میچ 17 دسمبر سے شروع ہوگا۔پاکستان کرکٹ اسکواڈ کی 9ویں روز کی ٹیسٹننگ مکمل کر لی گئی ہے جبکہ مینجمنٹ کل سے ٹریننگ کیلئے پر امید نظر آتی ہے۔
ٹیسٹنگ کا عمل کرائسٹ چرچ میں مکمل ہوا جس کے نتائج کا اعلان معمول کے مطابق کل ہوگا۔ ٹیسٹنگ 3 بار منفی رزلٹ آنے والے اراکین کی ہوئی جن کے نتائج ایک بار پھر منفی آنے پر ٹریننگ کا عمل شروع ہوسکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سپر لیگ پوائنٹس ٹیبل، پاکستان نے بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا