کراچی کے علاقے رزاق آباد کے قریب فوڈ فیکٹری کے گودام میں نامعلوم وجوہات کے باعث آتشزدگی سے بھاری نقصان ہوا ہے۔ گودام میں موجود سازوسامان جل کر راکھ بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی نیشنل ہائی وے پر بن قاسم موڑ کے قریب واقع رزاق آابد کے نزدیک فوڈ فیکٹری میں گزشتہ شب لگنے والی آگ نے تباہی مچا دی جس نے پورے گودام کو لپیٹ میں لے لیا۔
فائر بریگیڈ اور ریسکیو اہلکار واقعے کی اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور آگ پر قابو پانے کیلئے کوششیں شروع کیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے میں 4 سے 5 گھنٹے لگے اور اس عمل میں 5فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا۔
آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں تاہم 4 سے 5 گھنٹوں تک مسلسل آگ لگنے کے باعث گودام میں موجود سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا جس سے فوڈ فیکٹری مالکان کا بھاری نقصان ہوا ہے۔ آگ پر قابو پالیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی کے علاقے تین ہٹی پل کے نیچے جھگیوں میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 60 جھگیاں سامان سمیت جل کر خاکستر ہوگئیں۔
فائر بریگیڈ کو 4جنوری کی شام 6 بجے تین ہٹی پل کے نیچے قائم جھگیوں میں آتشزدگی کی اطلاع دی گئی۔ حکام کا کہنا تھا کہ فائر ٹینڈرز کو بر وقت روانہ کیا گیا جنہوں نے 2 گھنٹے تک آگ بجھانے کیلئے کوششیں کیں۔