شہرِ قائد کے علاقے ڈیفنس میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ آگ نے 2 گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا اور جلا کر راکھ کردیا ہے۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق آتشزدگی کا یہ افسوسناک واقعہ ڈیفنس فیز 1 میں پیش آیا۔ کاروں کی پارکنگ سے کچھ ہی فاصلے پر کچرے کے ڈھیر میں لگی آگ نے 2 گاڑیاں جلا کر راکھ کردیں۔
رپورٹ کے مطابق ریسکیو سروسز حکام نے کہا کہ ڈیفنس فیز 1 میں کھڑی دو گاڑیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، کچرے کے ڈھیر میں لگی آگ دو غیر متحرک کاروں کو جالگی جس سے بھاری نقصان ہوا۔
اس حوالے سے ریسکیو 1122 سندھ کے اہلکار حسن خان کا کہنا ہے کہ فیز 1 میں کاروں کی پارکنگ سے کچھ ہی فاصلے پر کچرے کا ڈھیر تھا جہاں مبینہ طور پر کچھ لوگ غیر قانونی طور پر نشہ کر رہے تھے۔
حسن خان نے کہا کہ نشہ کرنے کے دوران ہی کچرے کے ڈھیر میں آگ لگی جس نے پھیل کر 2 کاروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں دونوں کاریں بری طرح تباہ ہوگئیں۔
آتشزدگی سے تباہ ہونے والی دو کاروں میں ایک لگژری بھی شامل ہے، واقعے کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ حکام جائے وقوعہ پر پہنچے اور 2 فائر ٹینڈرز نے آگ پر قابو پالیا۔ واقعے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔