کراچی: سائٹ ٹاؤن ولیکا اسپتال کے قریب فیکٹری میں آگ لگ گئی، آگ نے فیکٹری کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق، گراؤنڈ فلور پر لگی آگ نے فیکٹری کی پہلی منزل کو بھی مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
دریں اثنا، ریسکیو ٹیموں نے آگ بجھانے کے لئے وسائل کی قلت کا شکوہ کیا ہے، فائربریگیڈ کی مدد کے لئے پانی کے ٹینکر منگوانے پڑ گئے ہیں۔ فائر بریگیڈ حکام نے فیکٹری کے ملازمین کو با حفاظت باہر نکال لیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ دوسری جانب کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے کراچی میں متعدد واٹر ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ کراچی میں آتشزدگی کو شکست دینے کے لئے موجود فائر ٹینڈرز میں سے زیادہ تر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ جبکہ پورے شہر میں صرف 9 فائر ٹینڈر اس وقت قابل استعمال ہیں۔