کراچی: ایم اے جناح روڈ پر واقع رِمپا پلازہ میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی، کچھ دن پہلے ہی اسی مقام پر بڑے پیمانے پر آگ لگی تھی، جس سے تقریباً 12 افراد کو بحفاظت نکالا گیا تھا۔ یہ واقعہ ایم اے جناح روڈ پر واقع کئی دہائی پرانی عمارت کی چوتھی منزل پر پیش آیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آگ کو قابو میں کر لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔ ریسکیو آپریشن میں فائر بریگیڈ کی اسنارکل اور چار گاڑیوں نے حصہ لیا۔
فائر بریگیڈ حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور آگ لگنے کے وقت عمارت میں کوئی موجود نہیں تھا۔ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں رِمپا پلازہ کی چوتھی منزل پر ایک بڑی آگ لگی تھی جس کے دوران 12 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔
اس واقعے میں پلازہ کی دو منزلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں جبکہ دو دیگر منزلوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ آگ سے کئی دکانیں، کیبن اور گودام بھی جل کر خاکستر ہو گئے تھے۔
حکام کے مطابق یہ آگ دوپہر کے وقت لگی اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو میں لائی جا سکی۔ خوش قسمتی سے، کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔