راولپنڈی میں قبضہ مافیا نے گھر پر حملہ کردیا جہاں موجود خواتین سے بدتمیزی کی گئی اور گھر میں توڑ پھوڑ ہوئی جس پر 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ 12 فرار ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ راولپنڈی تھانہ نیو ٹاؤن کی حدود میں پیش آیا جہاں سٹیلائٹ ٹاؤن، بلاک ڈی میں گزشتہ روز خواتین کو ہراساں کیا گیا اور گھر پر قبضہ کرنے کی بھر پور کوشش کی گئی۔
گھر کے مکینوں کا کہنا ہے کہ مرد حضرات اپنے کام کاج کے سلسلے میں اسلام آباد میں مصروف تھے۔ گھر کا بیٹا فصیح الدین اور اس کے والد گھر پر موجود نہ تھے۔ فصیح الدین کا کہنا ہے کہ میری بہن، والدہ اور بیوی گھر پر موجود تھیں۔
متاثرہ شہری فصیح الدین نے ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شام 5بجے کے قریب 3 افراد چھت کے ذریعے گھر میں داخل ہوئے اور 2 افراد دروازے کے راستے اندر آئے انہوں نے ہتھوڑے اور آہنی راڈ پکڑے ہوئے تھے۔
پانچوں افراد نے آتے ہی گھر کا مرکزی دروازہ توڑنا شروع کر دیا کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے مرکزی گیٹ کو توڑ دیا۔ دیگر 15 سے زائد افراد گھر کی چابیاں ڈھونڈ رہے تھے اور خواتین کو کہہ رہے تھے کہ گھر سے نکل جاؤ یہ گھر ہمارا ہے ہم اس کی قیمت ادا کر چکے ہیں۔
بعد ازاں فصیح الدین نے میڈیا اور 15 پر واقعے کی اطلاع دی۔ ایم ایم نیوز کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس 1 گھنٹہ گزرنے کے باوجود نہ آسکی۔ پولیس کی آمد پر 12 افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ 3 کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ فصیح الدین نے کہا کہ ملزمان نے خواتین سے بدتمیزی کی اور مسلسل دھمکاتے رہے۔ 30 سال قبل میرے اٹلی میں رہائش پذیر چا نے اپنے حصے کا مکان فروخت کردیا جس کے نصف حصے پر ان کا رشتہ دار قابض ہے۔
فصیح الدین نے کہا کہ رشتہ دار سے قبضہ چھڑانے کیلئے قبضہ مافیا کے لوگوں نے ہمارے حصے پر بھی دھاوا بول دیا اور قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے ایف آئی آر تو درج کردی لیکن ملزمان کو فائدہ پہنچانے کیلئے کمزور دفعات لگائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ گھر کی خواتین تاحال خوفزدہ ہیں۔ میں آئی جی پنجاب سے اپیل کرتا ہوں کہ ایف آئی آر میں مناسب دفعات لگا کر ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ ہمیں قبضہ مافیا سے تحفظ حاصل ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈاکو گن پوائنٹ پر 63 لاکھ لوٹ کر لے گئے، مزاحمت پر شہری زخمی