پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی شیخوپورہ آمد پر کورونا ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے جلوس نکالا گیا جس پر ن لیگی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقدمہ ن لیگی رہنما میاں جاوید لطیف کے دو بھائیوں اور بیٹے کے خلاف پرائس مجسٹریٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا جس پر تفتیش تاحال جاری ہے۔
ڈی سی شیخوپورہ کا کہنا ہے کہ مقدمے میں ن لیگی رہنما جاوید لطیف کے دو بھائیوں امجد لطیف اور منور لطیف کے علاوہ بیٹے میاں حسن جاوید کو نامزد کیا گیا ہے۔
ن لیگی رہنماؤں پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مقدمے میں ن لیگ کے ضلعی صدر منوراقبال، پرویز اقبال، عظیم جاوید اور شیخ یعقوب کو بھی نامزد کیا گیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہا کہ غداری کے الزامات کئی سال سے سنتے آ رہے ہیں، اداروں کی سربلندی کی بات کرنے والے ہر شخص پہ غداری کا لیبل لگ چکا ہے۔
مریم نواز نے گزشتہ روز کہا کہ اگر حق کی بات کرنا اور آئین و قانون کی پاسداری کا کہنا غدار ہے تو ہم یہ غداری بار بار کریں گے، غداری کے فتوے لگانے والے سن لیں کہ اب پاکستان کے عوام نے ڈرنا چھوڑ دیا ہے۔
مزید پڑھیں: غداری کے فتوے لگانے والے سن لیں،عوام نے ڈرنا چھوڑ دیا، مریم نواز