دنیا بھر میں سب سے زیادہ فٹ بال کھیلا جاتا ہے، شائقین فٹ بال بہت زیادہ دیوانے ہوتے ہیں اور اس کے ورلڈ کپ کا بے صبری سے انتظار کرتے رہتے ہیں۔
آج کل شائقین فٹ بال بہت زیادہ خوش ہیں کیونکہ ٹھیک 5 ماہ کے بعد فیفا ورلڈ کپ 2022 کا آغاز ہورہا ہے۔
فیفا ورلڈ کپ 2022 قطر میں 21 نومبر سے 18 دسمبر تک کھیلا جائے گا، جس کیلئے میزبان ٹیم قطر سمیت کل 32 ٹیمیں اس ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں، جو کہ مشرق وسطیٰ میں پہلی بار فٹ بال کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا۔
خیال رہے کہ فٹ بال ایک ایسا کھیل ہے جس کے شائقین کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ قطر جیسے قدامت پسند ملک میں فیفا ورلڈکپ 2022 کے انعقاد نے شائقین کیلئے بہت سے سوال کھڑے کردیے ہیں کہ انھیں وہاں پر کونسی سہولیات میسر ہونگی۔
فیفا ورلڈ کپ 2022، کس ملک کے جیتنے کے امکانات ہیں؟
قطر کی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے جو بھی لوگ فٹ بال ورلڈکپ دیکھنے کیلئے آئینگے انھیں محتاط رویہ رکھنا ہوگا، عوامی جگہوں پر شراب پینے پر سختی سے پابندی ہوگی، تاہم اُسے صرف لگژری ہوٹلوں کے شراب خانوں میں خریدا جا سکتا ہے، بیئر کا ایک پنٹ 13 ڈالر تک کا ہو سکتا ہے۔
قطر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران مداحوں کے لیے مخصوص علاقوں میں شراب دستیاب ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب قطر میں ہم جنس پرستی کی سختی سے ممانعت ہے اسی لئے ہم جنس پرست فٹ بال شائقین کے نمائندہ گروہوں نے قطری حکومت سے کہا ہے کہ وہ اُن کے تحفظ کی یقین دہانی کروائے۔
ورلڈ کپ کے منتظمین نے جواباً کہا کہ وہ ہر کسی کو خوش آمدید کہتے ہیں مگر یہ تصدیق کی کہ قطر ٹورنامنٹ کے دوران ہم جنس پرستی سے متعلق قوانین میں نرمی نہیں کرے گا۔
معلوم رہے کہ قطر میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ 2022 میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والا فٹ بال ’الریحلہ‘ استعمال ہوگا، اس طرح عالمی ایونٹ میں پاکستانی کی نمائندگی ہوگی۔