کراچی:قومی ٹیم کے سابق بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے اپنی رپورٹ چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کو بھجوا دی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ دباؤ میں آکر فیلڈنگ کے شعبے میں غلطیاں کرتے ہیں تاہم کھلاڑیوں کے فوکس سے متاثر ہوا ہوں۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کنسلٹنٹس میتھیو ہیڈن اور ورنن فلینڈر سے فیڈ بیک مانگا تھا، دونوں نے متحدہ عرب امارات میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کے ساتھ کنسلٹنٹس کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میتھیو ہیڈن نے اپنی رپورٹ چیئرمین رمیز راجا کو بھجوا دی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اس پر مزید کام کی ضرورت ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ہیڈن کا رپورٹ میں کہنا ہے کہ کھلاڑی ایک یونٹ بن کر کھیلے اور یہ بات نوٹ کی کہ پلیئرز کو جتنا اعتماد دیں اتنا اچھا پرفارم کرتے ہیں۔
پاکستان ٹیم میں ایک دو میچ ونرز نہیں بلکہ کئی ایک میچ ونرز ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرکٹرز کبھی کبھار دباؤ میں آکر فیلڈنگ کے شعبے میں غلطیاں کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی کی نئی کرکٹ رینکنگ، بابر اعظم ٹاپ پوزیشن سے محروم