اسلام آباد: وفاقی وزیر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے ہر جماعت کی اپنی الگ سوچ ہے۔ یہ لوگ اپنی جائیدادیں بچانے کے لئے حکومت کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ سوالات کے جوابات نہیں دیتے بلکہ اداروں کے خلاف لشکر کشی کرتے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریاتی شبلی فراز کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کسی ایک خاندان کیلئے نہیں بنا تھا، ایسے پاکستان کیلئے کوشاں ہیں جہاں قانون کی بالادستی ہو، ملک میں قانون کی عملداری نہ ہونے کے برابر ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آج کرپشن کو کوئی کرپشن نہیں سمجھتا، ماضی کی حکومتوں نے معاشرے میں بگاڑ پیدا کیا، جیلیں چھوٹے چھوٹے مجرموں سے بھری پڑی ہیں۔ بڑے مجرم اشتہاری کی زندگی گزار رہے ہیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بڑا چور سیاسی انتقام کی رٹ لگاتا ہے اور جمہوریت کے پیچھے چھپتا ہے، قانون پر عملدرآمد کرنیوالوں کو حقارت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے، قانون کی حکمرانی کے بغیر کوئی شخص محفوظ نہیں۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم نے اس عزم کو دہرانا ہے جس کے لیے ملک بنا تھا، ایسا ملک نہ ہو جس میں لوگ قانون کا مذاق اڑائیں، طاقتور اور اشرافیہ کو قانون کے تابع لائیں گے، قانونی کی حکمرانی ہوگی تو سب محفوظ ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کا نیا نوٹیفیکیشن جاری، صوبے بھر میں مزارات دوبارہ کھول دئیے گئے