اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز ملاقات کی جس کے دوران سیکیورٹی اور داخلی امور سے متعلق معاملات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسئلے کو تسلی بخش حد تک حل کر لیا گیا ہے۔
امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز نے حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم ایک پختہ نظام اور طریقہ کار مرتب کرنا چاہتے ہیں جس سے آنے والے وقت میں مستفید ہوا جاسکے۔
وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات کی تصدیق کے لیے لائحہ عمل مرتب کر لیا گیا ہے۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق نومبر سے جنوری تک حل شدہ کیسز کی رپورٹ امریکی سفارت خانے کو جاری کردی گئی ہے۔ ایلس ویلز نے کہا کہ پاکستانی حکومت کی طرف سے بر وقت جوابات قابلِ تعریف ہیں۔
آئی این جی اوز کو رجسٹر کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے رجسٹریشن کے لیے لائحۂ عمل مرتب کر لیا ہے۔ جن تنظیموں پر تحفظات ہوں، انہیں مؤقف پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔
معیار پر پوری اترنے والی تنظیموں کے حوالے سے اعجاز شاہ نے کہا کہ ایسی تنظیموں کو کسی مشکل کا سامنا نہیں ہوتا۔ اس موقعے پر امریکی وفد کو ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے پیشرفت پر بریفنگ بھی دی گئی۔
نائب معاون امریکی وزیر خارجہ ایلس ویلز نے کہا کہ یہ سن کر بہت خوشی ہوئی کہ پاکستان کی مرکزی حکومت نے ایف اے ٹی ایف معاملات پر کم وقت میں بہت بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔
وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ اقدامات کا متعارف ہونا پاکستان کی ترقی کے لیے بھی انتہائی خوش آئند ہے۔ ملاقات کا اختتام اس عزم پر ہوا کہ پاک امریکا تعلقات کی بہتری کے لیے مل کر کام کریں گے۔