اسلام آباد: قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف وطن واپس کب آ رہے ہیں، اِس حوالے سے تحریکِ انصاف کی وفاقی حکومت نے سوالات اٹھانا شروع کردئیے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہباز صاحب “ساریاں گلاں دی اِک گل” وطن واپس کب آرہے ہیں؟
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اپوزیشن چلانے والے آپ تاریخ کے نرالے اپوزیشن رہنما ہیں۔دماغ کی بجائے انگلی کے اشاروں پر معیشت کو گھمانا اور بیڑہ غرق کرنا آپ اور سمدھی جی کا ہی کمال تھا ۔
شہباز صاحب "ساریاں گلاں دی اِک گل" وطن واپس کب آرہے ہیں؟ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے جماعت اور اپوزیشن چلانے والے آپ ملکی تاریخ کے نرالے اپوزیشن رہنما ہیں۔دماغ کی بجائے انگلی کے اشاروں پر معیشت کو گھمانا اور بیڑہ غرق کرنا آپ اور سمدھی جی کا ہی کمال تھا ۔
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousAwan) February 24, 2020
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہباز صاحب! آپ نے 10 سال مائیک گرائے، 6 مہینوں میں بجلی واپس نہ آئی تو نام بدل دینا کے نعرے بھی لگائے۔
معاونِ خصوصی نے کہا کہ شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کو گھسیٹنے جیسی بھڑکیں بھی ماریں تاہم لمبے بوٹ پہن کر پانی میں اترنے کی شعبدہ بازی کے سوا آپ کو آتا کیا ہے؟
ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ پر تنقید کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کے بارے میں سوچنے کی بجائے منشیات کے کیس کی فکر کریں۔ ضمانت ہوئی ہے، ابھی آپ بری نہیں ہوئے۔
رانا صاحب حکومت کے بارے میں سوچنے کی بجائے اپنے منشیات کے کیس کی فکر کریں ۔ ضمانت ہوئی ہے، ابھی آپ بری نہیں ہوئے ۔
2/2— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousAwan) February 24, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو خط لکھ دیا جس میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے بعد اپوزیشن لیڈر کا انتخاب ضروری ہے۔
ٹوئٹر پر 4 روز قبل اپنے پیغام میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا کہ اپوزیشن لیڈر طویل عرصے سے ایوان میں تشریف نہیں لا رہے۔
مزید پڑھیں: شہباز شریف کے بعد اپوزیشن لیڈر کا انتخاب ضروری ہے۔فواد چوہدری