اسلام آباد: ملک گیر لاک ڈاؤن کے حوالے سے وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت نے پنجاب اور سندھ کے مختلف فیصلوں پر ردِ عمل دیتے ہوئے غیر جانبداری کا اعلان کردیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تمام صوبے اپنے فیصلے کرنے میں آزاد اور خودمختار ہیں جبکہ اٹھارہویں ترمیم صوبوں کے آئینی اختیارات کی ضامن ہے۔
پیغام میں معاونِ خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سندھ حکومت اپنے صوبے کے حالات کے مطابق جو بہتر سمجھے وہ فیصلہ کرسکتی ہے۔لاک ڈاؤن کو کتنا بڑھانا یا کم کرنا ہے، وفاق کی جانب سے کوئی پابندی نہیں۔
تمام صوبے اپنے فیصلے کرنے میں آزاد اور خودمختار ہیں۔اٹھارویں ترمیم انکے آئینی اختیارات کی ضامن ہے۔سندھ حکومت اپنے صوبےکےحالات کے مطابق جو بہتر سمجھے وہ فیصلے لے۔لاک ڈاؤن کو کتنا بڑھانا یا کم کرنا ہے، وفاق کی جانب سے کوئی پابندی نہیں۔#COVID2019 #StaySafeStayHome
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousAwan) April 15, 2020
معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی حفاظت ہم سب کی اوّلین ترجیح ہے۔وفاق صوبوں کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام اور بچاؤ کے تمام اقدامات کو مزید مؤثر بنانے اورتقویت دینے میں اپنا کرداراور ذمہ داری ادا کرتا رہے گا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے وزیراعظم ہیں۔پنجاب اور سندھ سمیت تمام اکائیوں کے عوام کے حقوق کا تحفظ یقینی بناناان کا نصب العین ہے۔
پاکستان کے عوام کی حفاظت ہم سب کی اولین ترجیح ہے۔وفاق صوبوں کی جانب سے کوروناسے بچاؤ کے تمام اقدامات کو مزید مؤثر بنانے اورتقویت دینے میں اپنا کرداراور ذمہ داری ادا کرتا رہے گا۔عمران خان پاکستان کے وزیراعظم ہیں۔تمام اکائیوں کے عوام کے حقوق کا تحفظ یقینی بناناان کا نصب العین ہے۔
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousAwan) April 15, 2020
کورونا وائرس کی روک تھام کے پیشِ نظر ملک کے چاروں صوبوں میں جزوی لاک ڈاؤن ہے جبکہ سندھ نے 30 اپریل اور پنجاب نے 25 اپریل تک لاک ڈاؤن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صوبہ پنجاب میں لاک ڈاؤن میں 25 اپریل تک توسیع کی گئی جبکہ اس دوران 42 صنعتوں کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔
صوبائی حکومت نے لاک ڈاؤن کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا جس کے مطابق 25 اپریل تک پنجاب بھر میں جزوی لاک ڈاؤن نافذ رہے گا جبکہ 42 سے زائد صنعتیں لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ ہوں گی۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں لاک ڈاؤن میں 25 اپریل تک توسیع کر دی گئی