اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اداروں کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور عام انتخابات اپنے وقت پر منعقد کیے جائیں گے۔
عمران خان چٹکی بھی نہیں، ہم اس کی اوقات جانتے ہیں۔فضل الرحمان
بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان قومی اداروں کو بلیک میل کرنے کی کوشش میں ہیں جبکہ 4سال تک ملک پر مسلط ٹولے نے ملکی معیشت کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کا کام ریاست کو توڑنا تھا۔ اداروں کے سربراہان بھی انسان ہیں، ان سے غلطیاں ہوسکتی ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان ہمارے لیے چٹکی بھی نہیں، ہم اس کی اوقات جانتے ہیں اور وہ ہماری جانتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ ماہ شیئر کیے گئے ویڈیو بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان میں کسی کو مجبور کرنے کی صلاحیت ہی نہیں،نہ ہی وہ کوئی اتنی بڑی سیاسی قوت ہیں۔