اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف کے ایک رکن اسمبلی نے 13 سالہ لڑکی سے شادی کی ہے، جو کہ چائلڈ میرج ایکٹ کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ جے یو آئی کے 65 سالہ رکن اسمبلی نے 13 سالہ لڑکی سے شادی رچائی ہے، مولانا فضل الرحمان تحقیقات کرائیں کہ چائلڈ میرج ایکٹ کی خلاف ورزی کیوں کی گئی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایک رکن اسمبلی کی اس شادی سے ایوان کی بدنامی ہو رہی ہے، اس حرکت سے پاکستان پر انگلیاں اٹھائی جا رہی ہے۔
شمالی وزیرستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں خواتین کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔ ایوان نے اس معاملے پر جس طرح آواز اٹھائی وہ قابل ستائش ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت نے جس طرح اس معاملے پر ایکشن لیا ہے وہ بہتر اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں حلیم عادل شیخ پر ظلم ہو رہا ہے اور اس کا نوٹس لیا جانا چاہیے۔ فواد چوہدری کے اظہار خیال کے دوران اپوزیشن نے احتجاج کیا۔
تقریر کے دوران رہنما پیپلز پارٹی آغا رفیع اللہ نے کورم کی نشاندہی کی۔ جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ارکان کی گنتی کی ہدایت کردی۔ گنتی کرنے پر کورم پورا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: مسجد وزیر خان کے باہر اداکار شان ،علی ظفر کا ڈانس ،کیا فواد چوہدری ذمہ دار ہیں؟