اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو خط لکھ دیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے بعد اپوزیشن لیڈر کا انتخاب ضروری ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا کہ اپوزیشن لیڈر طویل عرصے سے ایوان میں تشریف نہیں لا رہے۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا عہدہ شہباز شریف پہلے چھوڑ چکے۔قانون سازی میں اپوزیشن لیڈر کا اہم کردار ہے، اور وہ خصوصی مراعات بھی لےرہے ہیں۔ غیر موجودگی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ان حالات کے مد نظر یا تو شہباز شریف سے اسمبلی میں واپسی کی حتمی تاریخ پوچھی جائے یا پھر نیا اپوزیشن لیڈر منتخب کرنے کیلئے لائحہ عمل کا آغاز کیا جائے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ قائد حزب اختلاف کا عہدہ طویل عرصے تک خالی نہیں رکھا جا سکتا۔ شہباز شریف نواز شریف کو واپس لانے کی گارنٹی دے کر خود ہی غائب ہیں۔
ان حالات کے مد نظر یا تو شہباز شریف سے اسمبلی میں واپسی کی حتمی تاریخ پوچھی جائے اور یا پھر نئےاپوزیشن لیڈر منتخب کرنے کیلئے پراسسس کا آغاز کیا جائے، کیونکہ قائد حزب اختلاف کا عہدہ لمبا عصہ خالی نہیں رکھا جا سکتا۔ شہباز شریف نواز شریف کو واپس لانے کی گارنٹی دے کر خود ہی غائب ہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) February 21, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل شہبازشریف نے کہا کہ عوام کو روٹی ، روزگار اور کاروبار کے لالے پڑے ہیں جبکہ کرپٹ، نالائق اور انتقامی حکومت سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کاروائیوں میں مصروف ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدراورقائد حزب اختلاف شہبازشریف نے 11 روز قبل کہا کہ تحریکِ انصاف کی حرکتوں سے مسلم لیگ (ن) کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔
مزید پڑھیں: حکومت سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کاروائیوں میں مصروف ہے، شہباز شریف