اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج اور دھرنے کی کال پر ایکشن شروع ہوگیا۔ سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا سخت سکیورٹی انتظامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہنا ہے کہ حکومت ہوش مکمل کھو بیٹھی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت مکمل ہوش کھو بیٹھی ہے۔ ابھی تو تحریکِ انصاف نے اسلام آباد بند کرنے کی کوئی کال ہی نہیں دی۔ ابھی سے پورے شہر کو قلعہ بنا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات، عمران خان لاہور کا دورہ آج کریں گے
ٹوئٹر پیغام میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے اسلام آباد میں سکیورٹی انتظامات پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اتنے خوفزدہ اور نالائق لوگ شاید ہی اسلام آباد نے پہلے دیکھے ہوں۔ الیکشن کراؤ اور لوگوں کو فیصلہ کرنے دو۔
حکومت مکمل ہوش کھو بیٹھی ہے، ابھی تو تحریک انصاف نے اسلام آباد بند کرنے کی کوئ کال ہی نہیں دی ابھی سے پورا شہر قلعہ بنا رہے ہیں اتنے خوفزدہ اور نالائق لوگ شائد ہی اسلام آباد نے پہلے دیکھے ہوں ، الیکشن کراؤ اور لوگوں کو فیصلہ کرنے دو pic.twitter.com/tnrAz0Ff22
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 21, 2022
سکیورٹی انتظامات کی صورتحال
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج اور دھرنے کے پیشِ نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جارہے ہیں۔ ریڈ زون کے داخلی راستوں پر کنٹینرز لگانے کا کام شروع کردیا گیا۔
تحریکِ انصاف کے ممکنہ دھرنے اور احتجاج کے پیشِ نظر نادرا چوک اور ڈی چوک کو کنٹینر اور خاردار تاریں لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ وفاقی پولیس نے صوبوں سے بھی پولیس، رینجرز اور ایف سی کے 30 ہزار اہلکار اسلام آباد طلب کر لیے۔
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب سے 20 ہزار، خیبر پختونخوا سے 4 ہزار جبکہ رینجرز کی 6 ہزار نفری طلب کی گئی ہے۔ داخلی راستوں پر کنٹینرز کے ساتھ ساتھ خندقیں بھی کھودنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اضافی آنسو گیس کے شیل اور ڈرونز بھی منگوا لیے گئے۔
گزشتہ شب باوثوق ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ایف سی کے 3000 اہلکار اسلام آباد پہنچ چکے ہیں تاہم پنجاب اور خیبر پختونخوا نے نفری دینے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا تھا۔ دونوں صوبوں میں پاکستان تحریکِ انصاف ہی حکمراں سیاسی جماعت ہے۔