اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اراکینِ اسمبلی کو دی جانے والی مراعات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں میڈیا پر چلنے والی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یاسمین علی نامی صحافی نے میڈیا پر چلنے والی خبر پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے اراکینِ اسمبلی کیلئے جو مراعات منظور کی ہیں، ان پر 30 کروڑ روپے خرچ آئے گا۔
یاسمین علی نے سوال کیا کہ یہ رقم مفادِ عامہ کے لیے کس طرح استعمال کی جاسکتی ہے؟ ہمارے لیے کوئی ریلیف ہی نہیں جبکہ اراکینِ قومی اسمبلی پر نوازشوں کی بارش کی جارہی ہے۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے یاسمین علی کے سوال پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ سچ نہیں ہے۔ کابینہ نے صرف اتنی ترمیم کی کہ فلائٹ واؤچرز کسی بھی ائیرپورٹ سے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔
ترمیم کی وضاحت کرتے ہوئے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ یہ ترمیم اراکینِ قومی اسمبلی جو کوئٹہ اور کراچی سے تعلق رکھتے ہیں، ان کی درخواست پر کی گئی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مثال کے طور پر اگر کوئٹہ کا کوئی رکنِ اسمبلی کراچی میں ہے اور اسے کوئٹہ واپس جانا ہے اور اسلام آباد کیلئے فلائٹ پکڑنی ہے، اب وہ کراچی کا ائیرپورٹ بھی استعمال کرسکے گا۔اخراجات وہی رہیں گے۔
Not true only amendment is that flight vouchers can be used from any airport,this was done on request of MNA’s travelling from Quetta and Kar for example if Quetta MNA is in Kar he had to go back to Quetta and take flt for Isld now he can use Kar airport,cost is remains unchanged https://t.co/cQ34Ols2oB
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 5, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے مطالبہ کیا کہ پی ٹی ایم رہنما علی وزیر کے خلاف وطن دشمن بیان پر کارروائی کی جائے۔
ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے علی وزیر سے کہا کہ غیر ملکی طاقت (امریکا) سے پاکستان کے شہروں کو تباہ کرنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ پاکستان سے وفادار نہیں رہے۔
مزید پڑھیں: فواد چوہدری نے علی وزیر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا