اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے چیف جسٹس آف پاکستان کی ریٹائرمنٹ پر ردِ عمل دیتے ہوئے سبکدوش ہونے والے سپریم کورٹ کے معزز ترین جج جسٹس گلزار احمد کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ چیف جسٹس گلزار احمد آج ریٹائر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اقلیتوں کی عبادت گاہوں کے متعلق جو تاریخی اسٹیند لیا، اس سے ان کی عزت و تکریم بہت بڑھی۔
نئے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری
فواد چوہدری نے سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں جب بھارت کی عدلیہ شدت پسندوں کے ہاتھوں بے بس نظر آتی ہے، جسٹس گلزار احمد جیسے ججز نے اقلیتوں کو سہارا دیا اور آزادانہ فیصلے کیے۔
CJPجسٹس گلزار آج ریٹائرُہو رہے ہیں انھوں نے اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو لے کر جو تاریخی سٹینڈ لیا اس سے ان کی عزت و تکریم میں بہت اضافہ ہوا، ایسے وقت میں جب ہندوستان کی عدلیہ شدت پسندوں کے ہاتھوں بے بس نظر آتی ہے جسٹس گلزار جیسے ججز نے اقلیتوں کو سہارا دیا اور آزادانہ فیصلے دئیے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) January 31, 2022
خیال رہے کہ آج ریٹائر ہونے والے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کا تعلق شہرِ قائد سے ہے جو 1999 میں سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے اعزازی سیکریٹری بنے اور مختلف ملٹی نیشنل کمپنیز اور مالیاتی اداروں کے قانونی مشیر رہے۔
فروری 1957 میں پیدا ہونے والے معزز جج جسٹس گلزار احمد سندھ ہائی کورٹ کے جج بنے۔ چیئرمین ڈویلپمنٹ کمیٹی، سندھ ہائی کورٹ رہے۔ سندھ بار کونسل کراچی پاکستان کی انرولمنٹ کمیٹی کے چیئرمین رہے۔ ابتدائی و قانونی تعلیم کراچی سے حاصل کی۔
سن 2007 میں جسٹس گلزار احمد سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی ایمرجنسی نفاذ کے نتیجے میں غیر فعال ججز میں شامل ہوئے۔ چیف جسٹس کا منصب سنبھالنے کے بعد نسلہ ٹاور سمیت کراچی میں ناجائز تجاوزات کے خلاف فیصلے کیے۔