اسلام آباد:وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت میڈیا اتھارٹی کو اسٹیک ہوڈرز سے مشاورت کیے بغیر تشکیل نہیں دے گی تاہم جعلی خبریں روکنے کیلئے قانون سازی ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری اور کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرزکے عہدیداران کی ملاقات ہوئی جس میں سی پی این ای کے عہدیداران اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت کا جعلی نیوز کے زمرے میں آنے والے سوشل میڈیا آرڈیننس سے کوئی تعلق نہیں، میڈیا پر پابندی کا تاثر ابھارنے والا کام نہیں کریں گے۔
گفتگو کے دوران وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جعلی نیوز روکنے کیلئے قانون سازی ضروری ہے۔ حکومت ذرائع ابلاغ کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ قانون سازی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کریں گے۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ کانسیپٹ پیپر میڈیا تنظیموں کو بھجوا دیا گیا ہے۔ سی پی این ای اور تمام صحافی تنظیمیں بامقصد تبادلۂ خیال کرسکتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا آرڈیننس جعلی ہے۔
وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت میڈیا کی آزادی محدود نہیں کرنا چاہتی بلکہ میڈیا کے اداروں میں ہم آہنگی لانا ہمارا مقصد ہے۔ صدر سی پی این سی عارف نظامی نے کہا کہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی پر صحافی برادری کو تشویش ہے۔
سی پی این ای کے صدر عارف نظامی کا کہنا تھا کہ صحافی برادری کی خواہش ہے کہ پی ٹی آئی حکومت صحافت کی آزادی کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے اس کے خلاف کام نہ کرے تاکہ ریاست کے چوتھے ستون اور حکومت کے تعلقات متاثر نہ ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کے خلاف پاکستان کی مثبت پیش رفت نے دُنیا کو حیران کردیا۔فواد چوہدری