کیا کراچی سے لاپتہ ہونیوالی 2 سہیلیاں کورین بینڈ ’بی ٹی ایس‘ سے ملنے کیلئے گھر سے بھاگی تھیں؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی سے دو روز قبل لاپتہ ہونے والی دوکم عمر لڑکیوں کو پولیس نے لاہور سے بازیاب کرالیا، بتایا جارہا ہے کہ لڑکیاں مشہور کورین پاپ بینڈ بی ٹی ایس کی مداح ہیں اور وہ گھر سے بھاگ کر کوریا جارہی تھیں۔

13 سالہ اِن دونوں سہیلیوں کی گمشدگی کا واقعہ کراچی کے علاقے کورنگی میں سات جنوری کو دوپہر تین بجے کے قریب پیش آیا تھا۔

ان لڑکیوں میں سے ایک کے والد نے مقامی پولیس اسٹیشن میں بیٹی کی گمشدگی کا مقدمہ درج کروایا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق ان کی بیٹی اپنی سہیلی کے ہمراہ گھر میں کام کر رہی تھیں اور اسی دوران وہ کسی کام کے لیے گھر کی چھت پر گئے مگر جب واپس نیچے آئے تو دونوں لڑکیاں گھر میں موجود نہیں تھیں۔

مدعی نے بتایا کہ جب گھروالوں سے اُن کی گمشدگی کے بارے میں معلوم کیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ گھر سے باہر گئی ہیں مگر کافی دیر گزر جانے پر اُنھیں تشویش ہوئی اور اسی دوران دوسری لڑکی کے والد بھی اپنی بیٹی کو لینے آ گئے۔ ایف آئی آر کے مطابق دونوں بچیوں کے والد نے مل کر بچیوں کو علاقے میں تلاش کیا مگر کوئی سراغ نہ ملنے پر مقدمہ درج کروایا۔ تاہم اب پولیس نے بتایا ہے کہ دونوں لڑکیوں کو تلاش کر لیا گیا ہے اور اُنھیں لاہور سے کراچی لانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

طلاقیں بڑھنے کی وجہ خواتین کا خود کفیل ہونا ہے، نادیہ خان نے نئی بحث چھیڑ دی

ضلع کورنگی کے ایس ایس پی انویسٹیگیشن ابریز علی عباسی نے اس حوالے سے بتایا کہ دونوں لڑکیوں کی عمر 13 سے 14 کے سال کے درمیان ہے اور اُنھوں نے سات جنوری 2023 کو اپنا گھر چھوڑا اور اسی روز ان کی گمشدگی کی رپورٹ درج ہوئی۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ کے مطابق تفتیشی اہلکاروں نے لڑکیوں کے گھر کا معائنہ کیا جہاں سے شواہد اکٹھے کیے گئے، ملنے والے شواہد میں ایک ڈائری اور ان کے زیرِ استعمال موبائل فونز تھے۔ ایک لڑکی اپنے والد اور ایک اپنی پھوپھی کا موبائل استعمال کر رہی تھی۔پولیس نے موبائل فونز کو فرانزک تجزیے کے لیے بھجوایا جبکہ ڈائری کا تجزیہ کیا گیا تو پتا لگا کہ اس میں ٹرین کے اوقات اور ٹکٹوں کی قیمتیں لکھی ہیں۔

پولیس کو تفتیش کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ لڑکیاں ایک ساتھ کہیں جانے کا منصوبہ بنا رہی تھیں۔ایس ایس پی عباسی نے بتایا کہ ایک لڑکی نے اپنے ایک کزن کو بھی ساتھ لے جانا چاہا مگر پولیس کی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ان کا کزن اپنے گھر پر ہی موجود تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جب اُس لڑکے کا انٹرویو کیا گیا تو معلوم ہوا کہ دونوں لڑکیاں ’بی ٹی ایس‘ نامی کورین میوزیکل بینڈ کو بہت پسند کرتی تھیں اور خواہش رکھتی تھیں کہ ان سے کوریا جا کر ملیں اور اُن کے ساتھ کام کریں۔

لڑکے کی جانب سے ملنے والی معلومات کے بعد پولیس کو اندازہ ہوگیا کہ ڈائری میں موجود ٹرینوں کی تفصیلات اسی مقصد کے لیے لکھی گئی تھیں۔ پولیس نے یہ سراغ ملنے کے فوراً بعد امیگریشن، ریلوے حکام اور ریلوے پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو مطلع کر دیا اور اس دوران یہ علم ہوا کہ لاہور میں ریلوے پولیس نے دونوں کم عمر لڑکیوں کو تحویل میں لیا ہے۔

ایس ایس پی عباسی نے بتایا کہ تفتیشی افسر کو اجازت دے دی گئی ہے کہ وہ لاہور جا کر لڑکیوں کو بازیاب کروائیں، چنانچہ بہت جلد لڑکیوں کو ان کے خاندان سے واپس ملوا دیا جائے گا۔اپنے ویڈیو پیغام میں اُنھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے سکرین ٹائم (موبائل یا کمپیوٹر دیکھنے میں گزارا گیا وقت) کی نگرانی کیا کریں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جاسکے۔

Related Posts