افغانستان کی طالبان حکومت نے پاکستان مخالف شدت پسند طالبان رہنما جنرل مبین کو گرفتار کرلیا ہے۔
افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق جنرل مبین کو پیر کے روز طالبان حکام نے حراست میں لیا۔ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا، اشتعال انگیز بیانات اور نفرت آمیز تبصرے کرنے کے حوالے سے مشہور ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جنرل مبین کو طالبان قیادت کی پالیسیوں پر طنز اور حکم عدولی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ طالبان حکومت کی جانب سے جنرل مبین کو ڈیڑھ سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جنرل مبین طالبان حکومت میں کسی سرکاری عہدے پر فائز نہیں ہیں، تاہم وہ خود کو “جنرل” کہلاتے ہیں اور سوشل میڈیا پر اپنی رفاہی سرگرمیوں اور متنازع بیانات کے باعث خاصے سرگرم اور مشہور ہیں۔ ان کی پاکستان مخالف بیان بازی بارہا دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر کشیدگی کا باعث بنی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ جنرل مبین کو طالبان انتظامیہ نے حراست میں لیا ہو، انہیں گزشتہ برس بھی وقتی طور پر گرفتار کیا گیا تھا، تاہم جلد ہی رہا کر دیا گیا تھا۔