چینی کا بحران پیدا کرنے کے ذمہ دار کون لوگ ہیں؟ یہ رپورٹ منظرِ عام پر آنے کے بعد ٹی وی اینکرز کے ساتھ ساتھ عوام الناس بھی مختلف سوال کر رہے ہیں۔ پاکستانی گلوکار اور اداکار فخرِ عالم نے بھی حکومتِ وقت سے سوال کیا ہے کہ کیا چینی بحران کے ذمہ داروں کو کوئی سزا ملے گی؟
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں گلوکار و اداکار فخرِ عالم نے کہا کہ اب جبکہ چینی کا بحران پیدا کرنے کے پیچھے ذمہ دار افراد کا تعین کرنے والی رپورٹ مشتہر کردی گئی ہے اور رپورٹ میں یہ بات موجود ہے کہ پاکستانی لوگوں کے ساتھ فراڈ ہوا۔
پیغام میں گلوکار فخرِ عالم نے کہا کہ رپورٹ ہمیں واضح طور پر بتاتی ہے کہ پاکستانی عوام کے ساتھ ایک بڑا فراڈ کیا گیاجبکہ معاشی دہشت گردی ایک منظم گروہ (سنڈیکیٹ) ہے تو اب ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ حکومتِ پاکستان آگے کیا کرنے والی ہے؟
فخرِ عالم نے کہا کہ چینی کے بحران کے ذمہ داروں کا تعین ہوجانے کے بعد ہمارا سوال یہ ہے کہ آگے کیا ہوگا؟ کیا ذمہ دار افراد کو گرفتار کرکے ان پر مقدمہ چلایا جائے گا؟ کیا انہیں جیل بھیجا جائے گا یا سزا سنائی جائے گی یا پھر لوٹ مار کا پیسہ کسی طرح واپس آجائے گا؟
Now that the sugar mafia report is public & it clearly states that poor people of Pakistan have been subjected to a massive fraud, economic terrorism by a perfected syndicate/cartel. What happens next? Will there be arrests, trials & prison sentences? Or will there be a refund?
— Fakhr-e-Alam S.I & S.E (@falamb3) May 21, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے بعد چینی انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کر دیا گیا۔ معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ اس رپورٹ میں حیران کن انکشافات ہیں۔
وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات شبلی فراز کا شہزاد اکبر اور شہباز گل کے ساتھ گزشتہ روز مشترکہ پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ رپورٹ کی ساری تفصیلات سے پتا چلے گا کہ ملک میں کیا ہوتا رہا، تاہم یہ ابھی شروعات ہے، ابھی اور بھی بہت کچھ آنا باقی ہے۔
مزید پڑھیں: چینی بحران کی رپورٹ پبلک کر دی گئی، حیران کن انکشافات