لکھنؤ: آشیانہ تھانے کی حدود میں ایک انتہائی افسوسناک اور شرمناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک جعلی تانترک نے جھاڑ پھونک کے بہانے علاج کروانے آئی خاتون کے ساتھ اخلاق سے گری ہوئی حرکت کرتے ہوئے کپڑے اتاردیے، ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
واقعہ کی تفصیلات کے مطابق علاقے میں آشیانہ کے علاقے میں رہائش پذیر ایک شخص نے اپنی بیمار بیوی کے لیے تانترک کو گھر بلایا۔
تانترک نے جادو ٹونے اور روحانی علاج کے نام پر سب کو کمرے سے باہر نکال دیا اور دروازہ بند کر کے خاتون پر جھاڑ پھونک شروع کی تاہم کچھ ہی دیر بعد اس نے حد پار کرتے ہوئے خاتون کے کپڑے اتار دیے۔
خاتون نے شور مچانا شروع کیا تو اہل خانہ کمرے میں داخل ہونے کی کوشش کرنے لگے لیکن تانترک نے ان کو دھمکا کر پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔
شور شرابے پر محلے داروں نے پولیس کو اطلاع دی جس پر آشیانہ تھانے کی ٹیم موقع پر پہنچی اور تانترک کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
آشیانہ تھانے کے انچارج چھترپال سنگھ کے مطابق متاثرہ خاتون کے شوہر کی تحریری شکایت پر تانترک کے خلاف چھیڑ چھاڑ، فحش حرکتیں اور خواتین کے وقار کو مجروح کرنے جیسے سنگین جرائم کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ نہ صرف ایک مجرمانہ فعل ہے بلکہ تانترکوں کے نام پر لوگوں کو گمراہ کرنے والے عناصر کے خلاف ایک چشم کشا ثبوت بھی ہے۔ اہل علاقہ نے بھی اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔