فیصل آباد کے علاقے چک بھائی والا کے رہائشی نوبیاہتا جوڑے نے مالی مسائل کی وجہ سے ہنی مون کی تاخیر پر دل برداشتہ ہو کر ریلوے ٹریک پر خودکشی کر لی۔
متوفی جوڑے کی شناخت ساجد اور فوزیہ بی بی کے طور پر ہوئی ہے جن کی شادی دو ماہ قبل ہوئی تھی۔ دونوں نے شادی کے بعد ناران کاغان جانے کی خواہش ظاہر کی تھی مگر مالی وسائل کی کمی ان کی راہ میں حائل رہی۔
ایک پاورلوم فیکٹری میں ملازم ساجد نے اپنے بھائی محمد فہد سے ہنی مون کے اخراجات کے لیے مدد کی درخواست کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق فہد نے ساجد کو بتایا کہ وہ کوشش کرے گا لیکن رقم جمع کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔ اس جواب پر ساجد شدید پریشان ہوگیا اور مبینہ طور پر بھائی کو دھمکی دی کہ اگر رقم نہ ملی تو وہ اپنی بیوی سمیت خودکشی کر لے گا۔
ذرائع کے مطابق شادی کے بعد ساجد اور فوزیہ اہل خانہ کے دباؤ کی وجہ سے علیحدہ رہائش پذیر تھے۔
منگل کی صبح دونوں بھائی والا کے قریب چیئرمین اسٹاپ ریلوے کراسنگ پہنچے۔حادثے سے قبل ساجد نے اپنے بھائی کو فون کر کے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔
کال ختم ہونے کے کچھ ہی دیر بعد دونوں میاں بیوی لاہور جانے والی ٹرین کے سامنے لیٹ گئے اور ٹرین کی زد میں آ کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
ان کی لاشیں بری طرح مسخ ہو گئیں۔ پولیس موقع پر پہنچی اور ضروری کارروائی کے بعد لاشیں لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔