سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور حکومت دونوں عمران خان کو جیل میں رکھنا چاہتے ہیں، قوم کو پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ یہ مذاکرات نہیں، مذاق ہے۔
میڈیا کو دئیے گئے ایک بیان میں سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ تحریکِ انصاف اور حکومت کا ایک ہی ہدف تھا کہ عمران خان جیل میں رہے۔ ٹرمپ کارڈ کا انتظار کرنے والے پلے کارڈ لے کر گھومتے رہی گے۔ سارے مزے تحریکِ انصاف کیلئے اور مشکلات عمران خان کیلئے ہوں گی۔
بیان میں سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ یہ جگ ہنسائی کرنے کیلئے ملک سے باہر کوئی خط بھی لکھ دیں گے۔ ٹرمپ کارڈ کی بھی ہوا نکل گئی ہے۔ آج کے دن تک عمران خان کو جیل میں رکھنے کا پی ٹی آئی اور حکومت دونوں کا ہدف تھا، جو پورا ہوگیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ یہ لوگ اقتدار، دولت اور سہولت کے مزے لے کر اسی طرح حکومت چلاتے رہیں گے۔ پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ عوام نہیں اور یہ بھی خوش ہیں۔ مذاکرات کیلئے اخلاص ضروری ہے، پی ٹی آئی قیادت تو خود چاہتی ہے عمران خان جیل میں رہے۔
سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ 18ویں سے 26ویں ترمیم تک تحریکِ انصاف حکومت کے ساتھ آن بورڈ رہی۔ اب قوم کو کچھ سمجھ نہیں آرہی۔ کے پی میں مال کا بازار گرم ہے، سب مزے کر رہے ہیں اور جو باہر ہیں، انہوں نے جیل کسی سمجھوتے کے تحت برداشت نہیں کی۔