کراچی:سوشل میڈیا پر پاکستان اور ہندوستان میں زلزلے کے بارے میں پیشگوئی کرنے والے اسکرین شاٹس اور پوسٹس کی بھرمار ہے۔ تاہم ماہرین ارضیات ونجوم کا کہنا ہے کہ ترکی کے بعد پاکستان اور بھارت میں آئندہ 15 روز میں بد ترین زلزلے کی پیشگوئی کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترکی میں ملکی تاریخ کے بد ترین زلزلے سے 3 ہزار سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 20 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ شام میں زلزلے کے باعث 1 ہزار 580 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔
شام میں 1، ترکیہ میں 2 زلزلوں سے 4ہزار 961 افراد جاں بحق
انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی جعلی خبر میں بتایا گیا کہ ماہرینِ ارضیات و نجوم کا کہنا ہے کہ جیسا زلزلہ ترکی اور شام میں آیا جس کے باعث سیکڑوں عمارات منہدم ہوئیں اور ہزاروں افراد آج بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، اسی قسم کا زلزلہ آئندہ 15روز میں پاکستان اور بھارت میں بھی آنے کا خدشہ ہے۔
ہزاروں افراد نے پاکستان اور بھارت میں زلزلے کی بے بنیاد پیشگوئی سامنے آنے پر خوف کا اظہار کیا۔
تاہم یہ پیشگوئی سیاروں کی سیدھ کے ساتھ تعلق پر مبنی ہے جس پر عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ زلزلے کی پیشگوئی کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمیشہ فعال فالٹس والی جگہوں پر زلزلے کے آنے کا خدشہ رہتا ہے تاہم جانچ کے وقت مخصوص پیش گوئیاں بے ترتیب ثابت ہوتی ہیں۔ سیاروں کی صف بندی کے ساتھ ارتباط کا دعویٰ بھی غلط ثابت ہوا ہے۔
ترکیہ کے زلزلے کی 3 روز قبل پیش گوئی کرنے والے ماہر فرینک ہوگر بیٹس کا کہنا ہے کہ میرے نام سے زلزلے کی پیشگوئی کرکے جعلی مواد پھیلایا جارہا ہے۔
Please report this FAKE account @hogrbe_Official
— Frank Hoogerbeets (@hogrbe) February 6, 2023
خیال رہے کہ اس سے قبل شام اور ترکی میں زلزلوں سے تباہی پھیل گئی، ترکی میں 7 اعشاریہ 5 سے زائد شدت کے 2 زلزلے آئے۔ دونوں ممالک میں زلزلوں سے 4 ہزار 961سے زائد افراد جاں بحق جبکہ ہزاروں زخمی ہو گئے۔
گزشتہ روز ترکی میں دو زلزلے آئے۔ دوسرا زلزلہ صوبہ کہرامنمراس کے ضلع البستان میں محسوس کیا گیا جس کی شدت 7 اعشاریہ 5 تھی جبکہ البستان پہلے زلزلے کے مرکز غازین تیپ سے 80 میل کے فاصلے پر واقع ہے۔