گلگت بلتستان انتخابات میں بڑا اَپ سیٹ ہوا ہے، پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان سیّد مہدی شاہ کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے سابق وزیرِ اعلیٰ سیّد مہدی شاہ پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار راجہ زکریا کے مقابلے میں الیکشن کیلئے کھڑے ہوئے تھے جنہوں نے جی بی 7اسکردو 1 سے سیّد مہدی شاہ کو ہرا دیا۔
انتخابات میں تحریکِ انصاف کی تاریخی کامیابی پر پی ٹی آئی کے کارکنان اوررہنماؤں نے خوشی کا بھرپور اظہار کیا۔ اسکردو میں سیّد مہدی شاہ کو شکست دینے والے راجہ زکریا کے حامیوں نے بھی جشن منایا۔
دوسری جانب سابق وزیرِا علیٰ گلگت بلتستان سیّد مہدی شاہ پی ٹی آئی کے امیدوار کی کامیابی کو تسلیم نہ کرسکے۔ مہدی شاہ نے پی ٹی آئی کارکنوں پر پیپلز پارٹی سیکرٹریٹ پر حملے کا الزام عائد کیا ہے۔
سابق وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان نے پی پی پی کے جیالوں پر پتھراؤ کرکے 15 سے زائد پیپلز پارٹی کارکنان کو زخمی کردیا تاہم چیف الیکشن کمشنر نے گلگت بلتستان انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل گلگت بلتستان انتخابات میں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریکِ انصاف، پیپلز پارٹی اور ن لیگ سمیت دیگر تمام سیاسی جماعتوں میں سب سے زیادہ نشستیں جیت کر سرِ فہرست ہے۔
پی ٹی آئی نے گلگت بلتستان انتخابات میں 8 نشستیں اپنے نام کر لیں جبکہ آزاد امیدوار گلگت بلتستان اسمبلی کی 7 نشستوں پر قبضہ جمانے میں کامیاب ہوئے، پیپلز پارٹی اب تک 4 نشستوں پر کامیاب ہوسکی ہے۔
مزید پڑھیں: گلگت بلتستان ، تحریکِ انصاف سب سے زیادہ نشستیں جیت کر سرِ فہرست