کوالالپور: انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو 26 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 3-0سے کامیابی حاصل کرلی۔
کنرارا اوول ملائیشیا میں کھیلے جانے والے میچ میں مہمان ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ 31 اسکور پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد کپتان ہیتھر نائٹ اور ایمی جونز نے پراعتماد کھیل کا مظاہرہ کیا۔
دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 81 رنز کی شراکت قائم ہوئی، ہیتھر نائٹ 43 اور ایمی جونز 37 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ اختتامی اوورز میں فرین ولسن اور ٹیمی بیماؤنٹ کے جارحانہ کھیل کی بدولت مہمان ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے ڈیانا بیگ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ 171 رنز کے تعاقب میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی اوپنرز ایک بار پھر متاثرکن کھیل کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہیں اور محض 29 رنز پر دونوں بیٹرز پویلین واپس لوٹ گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: ویمنز سیریز، انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دے دی